نظر کی کمزوری ایک عام مسئلہ بن چکی ہے اور کم عمر میں ہی چشمہ لگ جاتا ہے لیکن اگر کوشش کی جائے تو نظر کو قبل ازوقت یا عمر کے ساتھ آنے والی کمزوری سے تحفظ دیا جا سکتا ہے، کچھ ایسے نکات بیان کئے جاتے ہیں جو آپ کی آنکھوں کو صحت مند اور بینائی کو مضبوط رکھنے میں مدد گار ثابت ہوں گے

مچھلی کا استعمال
مچھلی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوتی ہے جو آنکھوں کو ڈرائی آئی نامی مرض کے خطرے سے بچانے میں مدد گار جُز ہے، اگر آپ کو مچھلی پسند نہیں تو آنکھوں کے حوالے سے اس کے فوائد کو مدِنظر رکھتے ہوئے مچھلی کے تیل کو معالج کے مشورے سے استعمال کیا جا سکتا ہے

گوگلز کا استعمال
جب بھی تیراکی یا لکڑی کا کوئی کام کریں یا موٹر سائیکل پر سفر کریں تو گوگلز کو ضرور آنکھوں پر چڑھا لیں، تاکہ لکڑی اور گردوغبار کے ذرات سے آنکھوں کی حفاظت ہو سکے جو آنکھوں میں جلن اور خارش کا باعث بنتے ہیں

اے سی کی ہوا سے گریز
گاڑی میں اے سی کی ہوا کا رخ آنکھوں کی بجائے پیروں کی جانب رکھنے کی عادت ڈالیں، خشک ایئر کنڈیشنڈ ہوائیں اسفنج کی طرح آنکھوں سے نمی کو جذب کر لیتی ہیں، آنکھوں میں بہت زیادہ خشکی خارش اور نظر کی کمزوری کا باعث بنتی ہے

سرخ پیاز کا انتخاب
کھانے میں سرخ پیاز کا استعمال کریں، دیگر اقسام کے مقابلے میں اس پیاز میں ایسا اینٹی آکسیڈنٹ زیادہ مقدار میں ہوتا ہے جو آنکھوں کو موتیے کے مرض سے تحفظ دیتا ہے

سن گلاسز کا استعمال
جب بھی گھر سے نکلیں تو سن گلاسز کو پہن لیں، اس سے نہ صرف سورج سے خارج ہونے والی سخت شعاعوں کو بلاک کرنے میں مدد ملے گی بلکہ آنکھوں کو ہوا چلنے سے خشک ہونے کے اثرات سے بھی تحفظ ملے گا

شکرقندی کا استعمال
وٹامن اے سے بھرپور شکرقندی کو اسکے سیزن میں کثرت سے استعمال کریں، یہ رات میں دیکھنے کی طاقت کو بڑھاتی ہے اور بینائی کو دھندلانے سے بچانے میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہے

تولیہ الگ کرنا
ہر بار اپنے چہرے کو صاف کرنے کے لئے اپنا تولیہ استعمال کریں، تولیے کا مشترکہ استعمال آنکھوں کے انفیکشن آشوبِ چشم کا خطرہ بڑھا دیتا ہے بلکہ اگر کوئی اس کا شکار ہو تو یقینی ہو جاتا ہے

پالک کا استعمال
پالک کو مختلف طریقے سے بنا کر کھایا جا سکتا ہے، اس کا استعمال معمول بنا لینے کو یقینی بنائیں، مختلف طبی تحقیقات کے مطابق پالک میں موجود پروٹین اور آئرن ایسا جز ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے پٹھے میں آنے والی تنزلی اور موتیے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے

کام میں وقفہ
جب آپ کمپیوٹر پر کام یا کتاب کا مطالعہ کر رہے ہوں تو ہر گھنٹے بعد کا الارم لگا لیں، اس کو یاد دہانی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اپنے کام یا کتاب سے نظریں ہٹا کر کسی دور واقع جگہ کو تیس سیکنڈز تک دیکھیں، اس طریقے سے آپ کو آنکھوں کی تھکاوٹ اور اس پر پڑھنے والے بوجھ کی روک تھام میں مدد ملے گی

بلڈ پریشر
اپنے بلڈ پریشر کا معائنہ ہر ماہ کریں، اگر آپ چاہیں تو بازاروں میں عام ملنے والے بلڈ پریشر کے آلات سے یہ کام گھر پر بھی کر سکتے ہیں

ٹوپی کا استعمال
گرمیوں میں سن گلاسز کے ساتھ ایک بڑے ہیٹ یا ٹوپی کو بھی پہننے کی عادت ڈالیں، ہیٹ یا ٹوپی سورج کی نقصان دہ الٹروائلٹ شعاعوں کے پچاس فیصد تک اثرات سے تحفظ دیتا ہے اور آنکھوں میں چشمے کے اوپر یا نیچے سے ان شعاعوں کے پہنچنے کا امکان کم ترین ہو جاتا ہے

پودینے کا تیل
پودینے کے تیل کو اپنے ہاتھ پر مل کر سونگھیں، طبی محققین کا کہنا ہے کہ پودینے کا تیل دماغ کے اندر ان لہروں کو بڑھاتا ہے جو ہوشیاری اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہیں، یہ خوشبوئیں دماغ کے پیچیدہ نظام کو تحریک دیتی ہیں اور آنکھوں تک ان کے اثرات جاتے ہیں جن کی مدد سے آپ مدھم روشنی میں زیادہ آسانی سے دیکھنے کے قابل ہو جاتے ہیں

چہل قدمی
اگر روزانہ نہیں تو ہفتے میں کم از کم چار بار چہل قدمی کی عادت بنا لیں مختلف طبی شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ ورزش کو معمول بنا لینے سے موتیے کے شکار افراد میں گوشہ چشم کے اندر دباؤ کو کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے

آنکھوں کی صفائی
اگر صاف پانی میسر نہ ہو تو پانی اُبال کر ٹھنڈا کر لیں اس میں نمک ڈال کر شیشے کی بوتل میں محفوظ کر لیں روزانہ اس پانی سے آنکھیں دھوئیں اس عمل سے پٹھوں اور اعصاب کو بھی تقویت ملے گی